چیمپیئنز ٹرافی: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی دبئی میں اہم ملاقاتیں
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے دبئی میں آئی سی سی حکام سے ملاقات کرکے چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے پاکستان کا دبنگ مؤقف دہراتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان کو کوئی ہائبرڈ ماڈل قبول نہیں، اگر اس کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن ہے تو سامنے لایا جائے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی گزشتہ روز دبئی پہنچے جہاں انہوں نے آئی سی سی ہیڈ کوارٹر میں مصروف دن گزارا۔ آئی سی سی حکام سے ون آن ون ملاقاتیں کیں۔ سی ای او آئی سی سی جیف ایلا ڈائز اور دیگر حکام سے بھی ملے۔ محسن نقوی نے آئی سی سی حکام کے سامنے پاکستان کا مؤقف پیش کیا اور چیمپیئز ٹرافی کے حوالے سے پاکستان کی قانونی پوزیشن بھی رکھی۔
محسن نقوی آج دبئی میں آئی سی سی کی بورڈ میٹنگ کو ویڈیو لنک پر جوائن کریں گے۔ بورڈ میٹنگ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 3 بجے شروع ہو گی جس میں چیمپیئنز ٹرافی کے حوالے سے گفتگو کی جائے گی۔ آئی سی سی چیئرمین کی حیثیت سے یہ گریک ہارکلے کی آخری میٹنگ ہوگی۔ ہنگامی اجلاس میں چیمپیئز ٹرافی کی میزبانی کے حوالے سے ووٹنگ آخری آپشن ہے۔
ممکنہ باہبرڈ ماڈل کے لحاظ سے پاپولر وینیو دبئی ہے جو پاکستان اور بھارت دونوں سے قریب ہے اور جہاں دونوں ممالک کے شہری بڑی تعداد میں موجود ہیں۔ اگر ایسی کوئی صورت بنتی ہے تو محسن نقوی آئی سی سی کو کہیں گے میں حکومت پاکستان سے پوچھ کر جواب دوں گا۔
اس بات کا امکان بھی موجود ہے کہ آج کی میٹینگ میں چیمپیئنز ٹرافی سے متعلق فیصلہ نہ ہو سکے اور یہ معاملہ اگلی میٹنگ میں چلا جائے، اس دوران جے شاہ آئی سی سی کی صدارت سنبھال لیں گے، جے شاہ سے توقع کی جائے گی کہ وہ انصاف کے تقاضے پورے کریں لیکن وہ بی جے پی کی پالیسیز کو لیکر چلیں گے۔
بدترین صورتحال میں ایک آپشن یہ بھی ہے کہ چیمپیئنز ٹرافی ملتوی ہو جائے، اس کی اگلی تاریخ کب آئے گی اس کے بارے میں فی الحال تو کچھ نہیں کہا جا سکتا لیکن یہ ممکن ہے کہ ٹرافی اس سال ملتوی ہو جائے اور اگلے سال پر چلی جائے۔ آئی سی سی ٹورنامنٹ کے لیے 100 روز قبل شیڈول کا اعلان کرنا ضروری ہوتا ہے تاہم بھارت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے ٹورنامنٹ میں 90 روز باقی رہنے کے باوجود آئی سی سی نے شیڈول جاری نہیں کیا۔