بنگلادیشی کرکٹر شکیب الحسن کے وارنٹ گرفتاری جاری


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بنگلادیش کے اسٹار آل راؤنڈر شکیب الحسن کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوگئے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق2 بینک چیکس باؤنس ہونے پر شکیب الحسن کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔
ڈھاکا کے ایڈیشنل چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ ضیاء الدین رحمان نے یہ وارنٹ اتوار کو جاری کیے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شکیب نے 2016 میں بنگلادیش میں ستکھیرا میں ایک کیکڑے کا فارم بنایا تھاجو 2021 سے غیر فعال ہے۔ مذکورہ چیکس بینک سے لیے گئے قرض کی ادائیگی کے لیے تھے جو شکیب کی اس کمپنی نے بینک سے لیا تھا لیکن چیکس ناکافی فنڈز کی وجہ سے باؤنس ہو گئے تھے۔
رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2024 میں بنگلادیشی بینک نے باؤنس ہونے والے چیکس کے معاملے پر قانونی نوٹس جاری کیا تھا اور بعد میں 24 دسمبر کو شکیب اور ان کی کمپنی کے 3 دیگر عہدیداروں کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔
واضح رہے کہ شکیب الحسن سیاسی بدامنی اور عوامی لیگ کے ساتھ وابستگی کے باعث جان سے مارنے کی دھمکیاں ملنے کے بعد بنگلا دیش سے باہر ہیں۔
وہ گزشتہ سال حکومت مخالف مظاہروں کے دوران نوجوان کے قتل کے مقدمے میں بھی نامزد ہیں۔
دوسری جانب شکیب الحسن کو مشکوک بولنگ ایکشن رپورٹ ہونے پر بولنگ کرنے پر پابندی کا سامنا ہے جبکہ وہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے لیے بنگلادیش اسکواڈ سے بھی باہر ہوگئے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *