چیمپیئنز ٹرافی: پہلے 3 میچوں کے ٹکٹ ہاتھوں ہاتھ فروخت ہوگئے


پشاور(قدرت روزنامہ)آئندہ ماہ پاکستان میں ہونے والے چیمپیئنز ٹرافی ایونٹ کے ٹکٹوں کی خریداری میں شائقین کرکٹ غیرمعمولی جوش و خروش کا مظاہرہ کررہے ہیں، اور پہلے 3 تین میچوں کے ٹکٹ ہاتھوں ہاتھ فروخت ہوگئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق پاکستان نیوزی لینڈ، آسٹریلیا انگلینڈ اور پاکستان و بنگلہ دیش کے درمیان میچوں کے ٹکٹ مکمل فروخت ہوگئے ہیں۔ بورڈ نے 30 فیصد ٹکٹ آن لائن فروخت کے لیے پیش کیے تھے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی ایونٹ کا آغاز آئندہ ماہ 19 فروری کو کراچی سے ہوگا۔ اور پہلا میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان شیڈول ہے۔
اس کے بعد 22 فروری کو آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں لاہور میں مدمقابل آئیں گی، جبکہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ 27 فروری کو راولپنڈی میں ہوگا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق چیمپیئنز ٹرافی کے دوسرے مرحلے کے ٹکٹ 3 فروری کو فروخت ہوں گے۔
ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ چیمپیئنز ٹرافی ایونٹ کے ٹکٹوں کی فروخت پر شائقین بھرپور جوش دکھا رہے ہیں۔ چند گھنٹوں میں ہی پہلے مرحلے کے ٹکٹ فروخت ہونا شائقین کی دلچسپی کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کرکٹ بورڈ زیادہ سے زیادہ تماشائیوں کو میچز دیکھنے کی سہولت مہیا کرےگا۔
واضح رہے کہ چیمپیئنز ٹرافی ایونٹ میں بھارت کے تمام میچز نیوٹرل وینیو دبئی میں ہوں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *