کراچی میں گاڑی، موٹرسائیکل چلانے والے ہوشیار! ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے، ڈی میرٹ پوائنٹس سسٹم نافذ

کراچی(قدرت روزنامہ)کراچی میں سندھ حکومت نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سخت جرمانوں اور ڈی میرٹ پوائنٹس سسٹم کا نفاذ کر دیا ہے،یہ اقدام موٹر وہیکل آرڈیننس 1965 کی شق 121 اے کے تحت 12ویں شیڈول میں ترمیم کے بعد عمل میں لایا گیا ہے۔
سینئر وزیر شرجیل میمن نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ غلط سائیڈ پر گاڑی چلانے، سگنل توڑنے اور اوور اسپیڈنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
نئے جرمانوں کا تعین گاڑیوں کی اقسام کے حساب سے کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق موٹر سائیکل کی اوور اسپیڈنگ پر 5 ہزار روپے، کار پر 15 ہزار روپے اور ہیوی ٹرانسپورٹ پر 20 ہزار روپے جرمانہ ہوگا، جبکہ اوور اسپیڈنگ پر 8 ڈی میرٹ پوائنٹس بھی شامل کیے جائیں گے۔
بغیر لائسنس گاڑی چلانے پر 50 ہزار روپے کا بھاری جرمانہ اور 6 ڈی میرٹ پوائنٹس مقرر کیے گئے ہیں۔ اسی طرح لاپرواہی سے ڈرائیونگ کرنے پر 25 ہزار روپے کا جرمانہ اور 8 ڈی میرٹ پوائنٹس عائد ہوں گے۔
وزیر نے مزید کہا کہ ون ویلنگ، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے، غلط لین میں ڈرائیونگ کرنے، دھندلے شیشوں کے استعمال اور بسوں کی چھت پر سواریاں بٹھانے پر بھی سخت سزائیں دی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد صرف جرمانے جمع کرنا نہیں بلکہ انسانی جانوں کا تحفظ ہے کیونکہ سگنل توڑنا، اوور اسپیڈنگ اور ون ویلنگ جان لیوا اقدامات ہیں۔ مزید برآں بار بار خلاف ورزی کرنے والوں کے ڈرائیونگ لائسنس معطل یا منسوخ بھی کیے جا سکیں گے۔
شرجیل میمن نے بتایا کہ سندھ حکومت جدید ٹریفک مینجمنٹ کے لیے ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم بھی متعارف کرا رہی ہے جس کے ذریعے بار بار خلاف ورزی کرنے والوں کا ریکارڈ ڈی میرٹ پوائنٹس کے ذریعے مرتب کیا جا سکے گا۔
