زمین کھا گئی یا آسمان نگل گیا؟ ڈاکٹر مشعل کریم ایک ماہ بعد بھی لاپتا، دوبارہ تلاش شروع


کراچی(قدرت روزنامہ)زمین کھا گئی یا آسمان نگل گیا؟ کراچی کی لاپتا ڈاکٹر مشعل کریم کا ایک ماہ بعد بھی کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ تلاش کا سلسلہ ایک بار پھر شروع کردیا گیا۔
کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں 14 ستمبر کو برساتی نالے میں مبینہ طور پر چھلانگ لگانے والی 26 سالہ ڈاکٹر مشعل کریم کا سراغ ایک ماہ گزرنے کے باوجود نہیں مل سکا۔ ہفتے کے روز ایدھی فاؤنڈیشن کی ٹیم نے دوبارہ سرچ آپریشن شروع کیا مگر خاتون کی لاش تاحال برآمد نہیں ہو سکی۔
ایدھی ترجمان کے مطابق ڈاکٹر مشعل نے سہراب گوٹھ کے قریب ندی میں مبینہ طور پر خودکشی کی تھی، جس کے بعد کئی روز تک تلاش جاری رہی، تاہم کوئی کامیابی نہیں ملی۔ اہلِ خانہ کے اصرار پر 18 اکتوبر کو ایک بار پھر ایدھی بحری خدمات کی ٹیم نے آپریشن شروع کیا، مگر شام گئے تک کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔
پولیس کے مطابق خاتون کے شوہر حسنین کو پہلے ہی حراست میں لیا جا چکا ہے۔ ڈاکٹر مشعل کے والد کی مدعیت میں تھانہ مبینہ ٹاؤن میں مقدمہ درج ہے۔ مدعی کا مؤقف ہے کہ داماد کے بینک میں کام کرنے والی ایک خاتون سے مبینہ تعلقات تھے اور وہ میری بیٹی پر تشدد بھی کرتا تھا، جس سے دلبرداشتہ ہو کر اس نے نالے میں چھلانگ لگا لی۔

WhatsApp
Get Alert