وسیم اکرم پی ایس ایل کے برانڈ ایمبیسڈر مقرر، ملتان سلطانز سے متعلق بھی اہم اعلان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا برانڈ ایمبیسڈر مقرر کردیا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ وسیم اکرم کو پی ایس ایل کا برانڈ ایمبیسڈر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ملتان سلطانز کو اس سال پی سی بی خود آپریٹ کرےگا۔
انہوں نے کہاکہ ہم پی ایس ایل 11 کا آغاز 26 مارچ کے بجائے 23 مارچ سے کرنے کا سوچ رہے ہیں، تاہم ابھی تک اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہاکہ پی ایس ایل ٹیموں کی بڈنگ 8 جنوری کو اسلام آباد میں ہوگی، تمام فرنچائز کی مشاورت سے پی ایس ایل کا آغاز 23 مارچ سے کرنے کا فیصلہ کریں گے۔
چیئرمین پی سی بی نے کہاکہ ملتان سلطانز کی نیلامی پی ایس ایل ختم ہونے کے بعد کی جائےگی، ہم ملک میں کرکٹ کی بہتری کے لیے کوشاں ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کھیلوں کے فروغ کے لیے ضروری ہے کہ نیوز چینلز اسپورٹس کے ایونٹ دکھائیں، اور اس کے لیے میں وزیر اطلاعات سے بات کروں گا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ بھارت اگر میچ کے دوران ہاتھ نہیں ملاتا تو ہمیں بھی کوئی شوق نہیں، لیکن نامناسب رویے پر ہم آئی سی سی کو خط لکھنے جا رہے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert