دہشتگردی کا کوئی جواز نہیں، علماء اور پاک فوج ایک پیج پر، فتنہ الخوارج کیخلاف قومی بیانیے کے فروغ کا عزم: ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی(قدرت روزنامہ)جی ایچ کیو میں نیشنل پیس اینڈ ہارمونی کونسل (NPAC) کے وفد نے ڈی جی آئی ایس پی آر سے اہم ملاقات کی ہے جس میں پاک افواج سے غیر متزلزل یکجہتی اور ریاست دشمن بیانیوں کے خلاف مشترکہ عزم کا اظہار کیا گیا۔
13 جنوری 2026 کو ہونے والی اس ملاقات میں فتنہ الخوارج، ٹی ٹی پی اور ٹی ٹی اے کے تناظر میں داخلی سلامتی پر جامع گفتگو ہوئی اور قومی بیانیے کے فروغ کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔ شرکاء نے فتنہ الخوارج اور افغان طالبان کی مذمت کرتے ہوئے واضح کیا کہ دہشت گردی کا کوئی جواز نہیں ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ قومی سلامتی کے امور میں یکسوئی اور بیانیے پر اتفاقِ رائے وقت کی ضرورت ہے، دشمن کی نفسیاتی جنگ کے مقابلے کیلئے عوامی شعور اور سچائی پر مبنی بیانیہ فیصلہ کن ہتھیار ہے۔ ملاقات میں کشمیر اور غزہ پر اصولی مؤقف کی توثیق کرتے ہوئے مظلوموں کی حمایت کو پاکستان کی اخلاقی ذمہ داری قرار دیا گیا۔
این پی اے سی کی جانب سے منبر و محراب سے اتحادِ امت، سماجی ہم آہنگی اور آئینی برابری کے پیغام کو ملک گیر سطح پر پھیلانے کا اعلان کیا گیا اور نفرت انگیزی، فرقہ واریت اور تکفیری بیانیے کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے پر اتفاق ہوا۔ وفد نے ریاستی بیانیے کی ترویج کیلئے مساجد، مدارس اور جامعات میں آگاہی و رہنمائی نشستیں بڑھانے کی تجویز بھی دی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے ملاقات کو غیر معمولی طور پر مفید قرار دیتے ہوئے اعتماد اور عملی تعاون کے نئے راستوں پر پیش رفت کی توقع ظاہر کی۔
