مہنگائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف 22 مئی کو احتجاجی جلوس کا اعلان


جیکب آباد (آئی این پی) جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی ہدایت پر 22 مئی کو مہنگائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار اضافے کے خلاف ملک بھر کی طرح جیکب آباد میں بھی ضلعی سطح پر بڑا احتجاجی جلوس نکالا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق احتجاجی جلوس سبحانی مسجد ڈی سی چوک سے جے یو آئی سندھ کے پریس سیکریٹری ڈاکٹر اے جی انصاری اور ضلعی جنرل سیکریٹری مولانا سلیم اللہ بروہی کی قیادت میں نکالا جائے گا، جو بعد ازاں پریس کلب کے سامنے دھرنے کی شکل اختیار کرے گا۔
اس حوالے سے جے یو آئی سندھ کے پریس سیکریٹری ڈاکٹر اے جی انصاری نے مختلف مقامات پر دعوتی مہم کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے بڑے اسباب میں معاشی بدانتظامی، ڈالر کی قیمت میں اضافہ، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ، ناجائز منافع خوری، ذخیرہ اندوزی اور بلیک مارکیٹنگ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں جس کے باعث ملک کی معیشت کے ساتھ ساتھ سماجی استحکام بھی خطرات سے دوچار ہو سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت، تاجر برادری اور متعلقہ اداروں کو مل کر ایسی پالیسیاں تشکیل دینا ہوں گی جن سے عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے، بصورت دیگر حالات مزید سنگین صورت اختیار کر سکتے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert