ہراسانی کیس؛ وزیراعلیٰ مریم نواز کا ایکشن، اداکارہ مومنہ اقبال کو خاندان سمیت فول پروف سکیورٹی فراہم
معاملے پر فوری ایکشن لینے، کیس کو متعلقہ حکام کے سپرد کرنے، مجھے اور میرے خاندان کو سکیورٹی فراہم کرنے پر وزیراعلیٰ مریم نواز کی مشکور ہوں؛ اداراکارہ مومنہ اقبال کا بیان

لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان ڈراما انڈسٹری کی معروف اداکارہ مومنہ اقبال نے اپنے ساتھ ہونے والی طویل ہراسانی، نازیبا پیغامات اور نفسیاتی دباؤ کے خلاف آواز اٹھائی تھی، انہوں نے شکوہ کیا تھا کہ پولیس اور سائبر کرائم سمیت دیگر حکام کو بار بار شکایات کے باوجود انہیں کوئی ٹھوس تحفظ فراہم نہیں کیا گیا، یہ معاملہ ملک گیر سطح پر توجہ کا مرکز بننے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس کا سخت نوٹس لے لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس ہراسانی کیس میں پنجاب اسمبلی کے رکن ثاقب چدھڑ کا نام سامنے آیا ہے، مومنہ اقبال نے سائبر کرائم حکام کو دی گئی اپنی درخواست میں مبینہ طور پر مذکورہ سیاستدان اور ان کی اہلیہ دونوں کو نامزد کیا ہے، نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے اس پر کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے دونوں فریقین کو طلب کر رکھا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ یہ تنازع اس وقت مزید سنگین ہو گیا تھا جب مومنہ اقبال نے الزام لگایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے دفتر سے وابستہ کچھ افراد نے انہیں اس کیس کی پیروی سے باز رہنے کے لیے دباؤ ڈالنے کی کوشش کی، اداکارہ نے جذباتی بیانات میں کہا کہ وہ اور ان کا خاندان شدید ذہنی اذیت اور دھمکیوں کا سامنا کر رہے ہیں، اگر مجھے انصاف نہ ملا تو میں تمام تر ثبوتوں کے ساتھ پریس کانفرنس کروں گی۔
معلوم ہوا ہے کہ اس معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے اب وزیراعلیٰ پنجاب نے خود مداخلت کی ہے، جس کے بعد اداکارہ مومنہ اقبال نے حکومتی اقدام کی تعریف کی، انہوں نے کہا ہے کہ میں فوری ایکشن لینے، کیس کو متعلقہ حکام کے سپرد کرنے اور مجھے اور میرے خاندان کو جامع سکیورٹی فراہم کرنے پر وزیراعلیٰ مریم نواز کی مشکور ہوں، میں ملزمان کو نوٹس جاری کرنے پر این سی سی آئی اے کی کاوش کو بھی سراہتی ہوں۔
اداکارہ کا مزید کہنا ہے کہ اپنے باقاعدہ بیان کے ریکارڈ ہونے تک کسی پر قبل از وقت الزام نہ لگانے کی درخواست کرتی ہوں، لیکن ان ہراساں کرنے والوں کو دنیا کے سامنے بے نقاب ضرور کروں گی، کیوںکہ مجھے کئی دوسری لڑکیوں کے پیغامات بھی موصول ہوئے ہیں جن کا دعویٰ ہے کہ اسی مخصوص ایم پی اے نے انہیں بھی ہراساں کیا، اور وہ اب بطور گواہ سامنے آنے کو تیار ہیں، میں اس معاملے کو اس کے منطقی انجام تک پہنچاؤں گی، اس مشکل وقت میں ساتھ دینے پر عوام اور میڈیا برادری کا بھی تہہِ دل سے شکریہ ادا کرتی ہوں۔
