پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی، سولر پینلز 9 ہزار روپے تک سستے ہوگئے


لاہور (قدرت روزنامہ) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے بعد مقامی مارکیٹ میں سولر پینلز کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جہاں مختلف اقسام کے سولر پینلز 4 ہزار سے 9 ہزار روپے تک سستے ہوگئے ہیں۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق سولر پینلز کی قیمتوں میں یہ کمی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ایندھن کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری رہا تو مستقبل میں مزید کمی کا امکان بھی موجود ہے۔
مارکیٹ ماہرین کے مطابق ایندھن کی قیمتوں میں کمی سے سولر پینلز کی ترسیل اور لاجسٹکس کے اخراجات کم ہوئے ہیں، جس کے نتیجے میں صارفین کو نسبتاً کم قیمتوں پر سولر پینلز دستیاب ہو رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بیٹریوں کی قیمتوں میں بھی جلد کمی متوقع ہے، کیونکہ پیٹرولیم مصنوعات کی بلند قیمتوں کے باعث بیٹریوں کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا تھا۔ اندازوں کے مطابق ایک بیٹری پر 27 ہزار سے 38 ہزار روپے تک اضافی لاگت شامل ہو چکی تھی۔
مارکیٹ ذرائع نے امید ظاہر کی ہے کہ اگر ایندھن کی قیمتیں مستحکم رہتی ہیں تو سولر توانائی کے نظام نصب کروانے کے خواہشمند صارفین کو مزید ریلیف مل سکتا ہے، جس سے متبادل توانائی کے شعبے کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔

WhatsApp
Get Alert