ایران نے یورپ اور امریکہ کو نشانہ بنانے والے میزائل تیار کرلیے، ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ

واشنگٹن (قدرت روزنامہ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی حالیہ انتخابی مہم کے دوران ایران کے ساتھ جاری کشیدگی، مشرقِ وسطیٰ کی عسکری صورتحال اور امریکہ میں ووٹر فراڈ سے متعلق اہم اور سنسنی خیز دعوے کردیئے۔ امریکی ریاست مسیسیپی میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران نے ایسے جدید اور تباہ کن بیلسٹک میزائل تیار کرلیے ہیں جو یورپ تک پہنچنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں اور امریکی شہروں جیسے کہ سان ڈیاگو اور لاس اینجلس کو بھی براہِ راست نشانہ بنا سکتے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مؤقف اختیار کیا کہ امریکہ نے ایران کے ساتھ کوئی جنگ شروع نہیں کی بلکہ ایران نے امریکی مفادات کے خلاف جنگ کی شروعات کی تھی، مجھے خدشہ تھا کہ تیل کی قیمتیں اس سے کہیں زیادہ بڑھ جائیں گی، لیکن خوش آئند بات یہ ہے کہ تیل کی قیمتیں توقعات کے برعکس اب پہلے سے کم سطح پر ہیں، اپنی پہلی صدارتی مدت میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کا خاتمہ کیا تھا اور اس وقت آبنائے ہرمز پر امریکی بحریہ کا مکمل کنٹرول قائم ہے۔
جنگ بندی اور سفارتی کوششوں پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں شروع ہی سے کسی بھی قسم کی جنگ بندی کا حامی نہیں تھا اور امریکہ نے ماضی میں جنگ بندی کرکے محض اچھا بننے کی کوشش کی جو وقت کا ضیاع ثابت ہوئی، اس وقت امریکی بحری ناکہ بندی کی وجہ سے ایران شدید معاشی و عسکری مشکلات کا شکار ہے اور اس کے خلاف آپریشن ناگزیر ہو چکا تھا۔
امریکہ میں وسط مدتی انتخابات سے محض 8 روز قبل صدر ٹرمپ نے اعلان کیا کہ جو شخص بھی ووٹر فراڈ سے متعلق ایسے ثبوت اور معلومات فراہم کرے گا جس کی بنیاد پر عدالت سے سزا ممکن ہوسکے، اسے 1 ملین ڈالرز یعنی 10 لاکھ ڈالرز کا انعام دیا جائے گا۔
