“فارم 47 کی غیر منتخب پارلیمنٹ 27ویں آئینی ترمیم کے ذریعے ملک کی بنیادیں ہلا رہی ہے’ پشتونخوا میپ

کوئٹہ(ڈیلی قدرت) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے زیر اہتمام خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی 52ویں برسی کے سلسلے میں 2 دسمبر کے عظیم الشان جلسہ عام کی بھرپور تیاریوں کے لیے ضلع کوئٹہ کے تحصیلوں اور علاقائی یونٹوں کے مشترکہ اجلاس منعقد ہوئے۔ پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال، صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان اور دیگر مرکزی و صوبائی رہنماؤں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ گھر گھر عوامی رابطہ مہم کے ذریعے عوام کو جلسے میں شرکت کی دعوت دیں اور جلسے کی کامیابی کے لیے شب و روز محنت کریں۔ مقررین نے 27ویں آئینی ترمیم کو آئین پاکستان کے روح اور 23 مارچ 1940 کی قراردادِ پاکستان کی کھلی پامالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج فارم 47 کے غیر منتخب پارلیمنٹ سے ایسی آئینی ترامیم کروائی جا رہی ہیں جس میں ملک کے تمام آئینی اداروں کے اختیارات فردِ واحد کو سونپ دیے گئے ہیں۔ مقررین نے اس اقدام کو ملک اور ریاست کی بنیادوں کو ختم کرنے کے مترادف اور چیف آف آرمی سٹاف کی جانب سے 25 کروڑ عوام پر عدم اعتماد کی کھلی مظہر قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ترمیم سے آئین کا فیڈرل بنیادی ڈھانچہ پامال ہوا ہے، عدلیہ کے اختیارات اور میڈیا کی آزادی کا خاتمہ ہوا ہے، جبکہ ملک مہنگائی، بے روزگاری، دہشت گردی اور بنیادی انسانی حقوق کی عدم فراہمی جیسے ہمہ جہت بحرانوں میں مزید گہرا ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2 دسمبر کو کوئٹہ کے صادق کاسی شہید فٹبال گراؤنڈ میں منعقد ہونے والا یہ عظیم الشان جلسہ عام تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جدوجہد، جمہوری حکمرانی اور پارلیمنٹ کی خود مختاری کو تقویت بخشے گا۔
