موسم گرما کی چھٹیوں سےمتعلق نئی اپڈیٹ،مکمل تفصیلات


اسلام آباد/پشاور (قدرت روزنامہ) تعلیمی شعبے میں اہم تبدیلیوں پر غور کیا جا رہا ہے، جہاں ایک جانب گرمیوں کی تعطیلات میں کمی کی تجویز سامنے آئی ہے، وہیں خیبرپختونخوا میں سرکاری اسکولوں کیلئے نیا 4 روزہ ورکنگ ماڈل نافذ کر دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق صوبائی وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات نے انکشاف کیا ہے کہ حکومت رواں سال گرمیوں کی تعطیلات میں 15 سے 20 دن کی کمی پر غور کر رہی ہے، جس کا مقصد تعلیمی خلا کو کم کرنا اور نصاب کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ موجودہ تعلیمی سال میں تدریسی ایام 180 سے بڑھا کر 190 دن کرنے کی تجویز زیرِ غور ہے، جبکہ موسمِ سرما کی تعطیلات میں بھی 5 سے 6 دن کی کمی پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ طلبہ کا قیمتی وقت ضائع ہونے سے بچایا جا سکے۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا کے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے صوبے بھر کے سرکاری تعلیمی اداروں کیلئے ہفتے میں 4 روزہ ورکنگ ماڈل متعارف کرا دیا ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اب تمام سرکاری اسکولوں میں جمعہ اور ہفتہ کو ہفتہ وار تعطیل ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ نئے شیڈول کے تحت اسکول اتوار سے جمعرات تک کھلے رہیں گے، جبکہ جمعہ اور ہفتہ کو تعطیل ہوگی۔ اس نئے نظام کا اطلاق یکم اپریل 2026 سے فوری طور پر نافذ کر دیا گیا ہے، جس کا مقصد تعلیمی نظام کو مزید منظم بنانا اور وسائل کی بچت کو یقینی بنانا ہے۔

WhatsApp
Get Alert