’مولانا فضل الرحمان پی ٹی آئی سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ مانگ رہے ہیں‘
اس کیلئے وہ ایک تحریری معاہدہ مانگ رہے ہیں، یہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ اگر پی ٹی آئی کر دیتی ہے تو اس دفعہ لانگ مارچ کنٹینر پر مولانا اور پی ٹی آئی ایک ساتھ نظر آئیں گے؛ سید ذیشان عزیز کی خبر

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ممکنہ سیاسی تعاون اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے اہم دعویٰ سامنے آیا ہے۔ اس حوالے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں صحافی سید ذیشان عزیز نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان پی ٹی آئی سے آئندہ انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ چاہتے ہیں اور اس مقصد کے لیے باقاعدہ تحریری معاہدے کا مطالبہ بھی کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان تحریک انصاف مولانا فضل الرحمان کی جانب سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی تجویز قبول کرلیتی ہے اور دونوں جماعتوں کے درمیان اس سلسلے میں کوئی تحریری معاہدہ طے پا جاتا ہے تو اس کے اثرات آنے والے سیاسی احتجاج اور پی ٹی آئی کی جانب سے 27 ستمبر کو اعلان کردہ لانگ مارچ پر بھی نمایاں ہوسکتے ہیں۔
سید ذیشان عزیز کہتے ہیں کہ اگر پی ٹی آئی اور جمعیت علمائے اسلام ف کے درمیان یہ سیاسی مفاہمت طے پا گئی تو اس مرتبہ ممکنہ لانگ مارچ کے دوران سیاسی منظرنامہ مختلف دکھائی دے سکتا ہے اس کے نتیجے میں مولانا فضل الرحمان اور پی ٹی آئی قیادت ایک ہی کنٹینر پر موجود نظر آسکتی ہے، یعنی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے تحریری معاہدہ دونوں جماعتوں کے درمیان سیاسی تعاون کو ایک واضح شکل دے سکتا ہے۔
مولانا فضل الرحمن صاحب پی ٹی آئی سے " سیٹ ایڈجسٹمنٹ" مانگ رہے ہیں اور اس کے لیئے ایک تحریری معائدہ مانگ رہے ہیں ، یہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ اگر پی ٹی آئی کر دیتی ہے تو اس دفعہ لانگ مارچ میں آپ کو کنٹینر پر مولانا اور پی ٹی آئی ایک ساتھ نظر آئیں گے.
— Syed Zeeshan Aziz (@iemziishan) August 8, 2026
اس حوالے سے صوبائی وزیر اطلاعات شفیع جان کہتے ہیں کہ اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر آگے بڑھنا چاہتے ہیں، مذہبی جماعتوں سے بھی رابطے میں ہیں، عمران خان کے بنیادی حقوق کے حصول کیلئے ہر آئینی و قانونی راستہ اختیار کیا، وفاقی حکومت کےخلاف سیاسی جماعتوں کیلئے پی ٹی آئی کےدروازے کھلے ہیں، حکومت سے چھٹکارا چاہتی ہے تو پیپلز پارٹی آئینی عہدے چھوڑ کر اپوزیشن میں بیٹھے، مینڈیٹ چور حکمرانوں کو اب عوام کی عدالت میں جواب دینا ہوگا۔
27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا فیصلہ پارٹی اور اتحادیوں کی باہمی مشاورت سے کیا گیا ہے
اتحادیوں کے ساتھ آگے بڑھنا چاہتے ہیں،مذہبی جماعتوں سے بھی رابطے میں ہیں،اسلام آباد لانگ مارچ ایک دن کا نہیں،کئی دن بھی لگ سکتے ہیں، مکمل تیاری کیساتھ اسلام آباد کا رخ کرینگے… pic.twitter.com/Cdd5ccY2TM
— Shafi Jan (@ShafiJanPTI) August 8, 2026
انہوں نے کہا کہ 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا فیصلہ پارٹی اور اتحادیوں کی باہمی مشاورت سے کیا گیا ہے، ،اسلام آباد لانگ مارچ ایک دن کا نہیں، کئی دن بھی لگ سکتے ہیں، مکمل تیاری کے ساتھ اسلام آباد کا رخ کریں گے، ہمارے پاس لانگ مارچ کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا، پنجاب سمیت دیگر صوبوں کا رخ کر رہے ہیں، مختلف جامعات میں سیمینارز کا سلسلہ بھی شروع کر رہے ہیں، اقبال کے شاہین نوجوان اس تحریک کی قیادت کریں گے، تعداد لاکھوں میں ہوگی۔
