جشن آزادی پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات؛ نوجوان لاحاصل جنگ چھوڑ کر جمہوری عمل کا حصہ بنیں: وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو

پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کا دفاعی اتحاد خطے کے لیے امن کا پیغام ہے، بھارت دہشت گردی میں ملوث ہے: میر ضیاء اللہ لانگو کا کوئٹہ کے مختلف علاقوں کا دورہ


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے اتوار کے روز کوئٹہ کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور جشن آزادی کے موقع پر کیے گئے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ وزیر داخلہ نے ایئرپورٹ روڈ، کچلاک اور مغربی بائی پاس کا دورہ کیا اور متعلقہ حکام سے سیکیورٹی صورتحال اور انتظامات کے بارے میں بریفنگ لی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے میر ضیا اللہ لانگو نے کہا کہ جشن آزادی کسی بھی قوم کے لیے خاص دن ہوتا ہے اور زندہ قومیں یہ دن بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ مناتی ہیں۔ اہل بلوچستان اور کوئٹہ کے شہری بھی 14 اگست کو بھرپور قومی جذبے کے ساتھ منا رہے ہیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ عوام کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور یوم آزادی کے موقع پر شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی ادارے اہم شاہراہوں، حساس مقامات اور عوامی اجتماعات کی نگرانی کررہے ہیں۔انہوں نے نوجوانوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آزادی اللہ تعالی کی جانب سے ایک عظیم نعمت ہے، نوجوان تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں اپنی صلاحیتیں بروئے کار لاکر ملک و قوم کی خدمت کریں۔ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔میر ضیا اللہ لانگو نے کہا کہ جو نوجوان دشمن کے کہنے یا ورغلانے پر پہاڑوں کا رخ کررہے ہیں، انہیں یہ راستہ ترک کرنا ہوگا۔ پاکستان ہمارا ملک اور بلوچستان ہمارا صوبہ ہے، نوجوان لاحاصل جنگ چھوڑ کر تعلیم، ٹیکنالوجی اور سیاست کے ذریعے اپنے صوبے اور ملک کی خدمت کریں۔صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ حقوق حاصل کرنے کا بہترین راستہ دنیا بھر میں جمہوری طریقہ ہے، نوجوان پارلیمنٹ میں آکر اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائیں اور جمہوری عمل کے ذریعے بلوچستان کو خوشحال بنانے میں کردار ادا کریں۔میر ضیا اللہ لانگو نے پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون اور اتحاد کو بھی خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ دوست ممالک کا دفاع مضبوط ہوگا تو کوئی بھی ملک انہیں میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرت نہیں کرے گا۔ ان کے مطابق تینوں ممالک کا اتحاد خطے اور دنیا کے لیے امن کا پیغام ہے۔انہوں نے بھارت پر مختلف ممالک میں دہشت گردی میں ملوث ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کو بھی پاکستان کے خلاف استعمال کیا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان ہمارا برادر اور ہمسایہ ملک ہے، تاہم وہاں موجود دہشت گرد عناصر کے حوالے سے پاکستان کو شدید تحفظات ہیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ معصوم شہریوں اور مساجد کو نشانہ بنانا کسی بھی صورت انسانیت نہیں۔ بے گناہ افراد کا خون بہانا قابل مذمت ہے اور خطے میں امن کے لیے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مثر اقدامات ضروری ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان شہریوں کے تحفظ اور صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے، جبکہ جشن آزادی کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کو مزید مثر بنایا گیا ہے تاکہ شہری پرامن ماحول میں قومی دن کی تقریبات میں شرکت کرسکیں۔

WhatsApp
Get Alert