کومل جان کے ٹک ٹاک ویڈیو ریکارڈ کرتے ہوئے دریائے سواں میں گرنے کا انکشاف
کومل جان کی موٹرسائیکل دریا کے قریب کھڑی ملی، ہینڈ بیگ، ہیلمٹ اور ایک موبائل فون بھی موجود تھا، پولیس نے دو موبائل فونز بھی قبضے میں لیے، ایک فون کومل جان ویڈیو کیلئے استعمال کر رہی تھیں؛ پولیس حکام

راولپنڈی(قدرت روزنامہ)راولپنڈی پولیس نے معروف خاتون ہیوی بائیکر اور ٹک ٹاکر کومل جان کے دریائے سواں میں جاں بحق ہونے کی تفصیلات جاری کردیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے بتایا ہے کہ 28 سالہ کومل جان راولپنڈی کے علاقے ڈیفنس فیز ون کے قریب ایک پل سے دریائے سواں میں گرگئی تھیں جہاں مبینہ طور پر وہ ٹک ٹاک ویڈیو ریکارڈ کر رہی تھیں، واقعے کی اطلاع ایمرجنسی ہیلپ لائن پر موصول ہوئی، جس کے بعد پولیس ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور خاتون کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کیا، کئی گھنٹوں کی تلاش کے بعد پولیس نے دریائے سواں سے کومل جان کی لاش برآمد کرلی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کومل جان کی موٹرسائیکل دریا کے قریب کھڑی ملی، اس کے ساتھ ہینڈ بیگ، ہیلمٹ اور ایک موبائل فون بھی موجود تھا، تحقیقات کے دوران پولیس نے دو موبائل فونز بھی قبضے میں لیے، ایک موبائل فون ہینڈ بیگ میں موجود تھا جبکہ دوسرا مبینہ طور پر کومل جان ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے لیے استعمال کر رہی تھیں، ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کومل جان ٹک ٹاک ویڈیو ریکارڈ کرتے ہوئے دریائے سواں میں جاگریں، واقعے کی مزید تفصیلات جاننے کے لیے پولیس نے عینی شاہدین کے ابتدائی بیانات بھی ریکارڈ کیے ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ کومل جان الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ملازمہ تھیں اور انہیں ہیوی بائیک رائیڈنگ کا شوق تھا، وہ بائیک پر سفر کی ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرتی تھیں، واقعے سے کچھ دیر قبل کومل جان نے اپنے اہل خانہ سے فون پر بات بھی کی تھی، کومل جان کے اہل خانہ نے کسی شخص پر شک کا اظہار نہیں کیا اور واقعے کو حادثہ قرار دیا ہے۔ اہل خانہ نے پولیس کو بتایا کہ وہ کسی قانونی کارروائی کے خواہش مند نہیں ہیں، تاہم پولیس نے واقعے کے اصل حالات جاننے کے لیے تحقیقات جاری رکھیں، کومل جان کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوائی گئی، ضروری کارروائی مکمل ہونے کے بعد لاش اہل خانہ کے حوالے کردی گئی، جس کے بعد اہل خانہ نے تدفین کردی۔
