راولپنڈی اسلام آباد میں رات گئے موسلادھار بارش، انڈر پاسز پانی سے بھر گئے


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)محکمہ موسمیات کی جانب سے آج اسلام آباد،پنجاب، خیبرپختونخوا ، شمال مشرقی بلوچستان ،گلگت بلتستان اور کشمیر کے بعض علاقوں میں شدید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
دوسری جانب راولپنڈی اور اسلام آباد میں رات گئے ہونے والی موسلادھار بارش سے جی 6 میں انڈر پاسز بارش کے پانی سے بھر گئے۔
اس کے علاوہ چھٹہ بختاور میں سڑکیں اور گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، بارش کا پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہوگیا۔
کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی کی سطح 19 فٹ پہنچ گئی، جس کے بعد ملحقہ آبادی کے لیے الرٹ جاری کردیا گیا، راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ ہے جب کہ واسا کا عملہ اورہیوی مشینری تعینات کردیے گئے ہیں۔
راولپنڈی میں سب سے زیادہ بارش سید پور میں 85 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، گولڑہ میں 75 ملی میٹر جبکہ شمس آباد میں 65، پیرودھائی میں 64، گوالمنڈی میں 62 اور بوکرہ میں 50 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ادھر دریائے سندھ میں کالاباغ پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، پانی کی آمد 3 لاکھ 96 ہزار کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے، تربیلا ڈیم،چشمہ بیراج، تونسہ،گڈو اور سکھر بیراج پر نچلے درجے کے سیلاب ہیں۔ ‏
فلڈ فارکاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق ملک کے باقی دریاؤں میں صورتحال معمول پر ہے۔

WhatsApp
Get Alert