بلوچستان: چاغی اور زیارت کراس پشین میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 21دہشت گرد ہلاک ‘ کوئٹہ تفتان ہائی وے اور کسٹمز ہاؤس پر حملے ناکام، 2افسران سمیت 6 اہلکار شہید
بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الہندوستان اور فتنۃ الخوارج کے خلاف 'عزمِ استحکام' کے تحت آپریشنز جاری رہیں گے: آئی ایس پی آر

راولپنڈی(قدرت روزنامہ)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے نوکچہ اور ضلع پشین کے علاقے زیارت کراس میں سیکیورٹی فورسز کے مؤثر اور بروقت جواب کے نتیجے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الہندوستان اور فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 21 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 31 اگست کو فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں نے این 40 کوئٹہ تا تفتان ہائی وے پر بھتہ خوری کے لیے غیر قانونی چیک پوسٹ قائم کرکے مسافروں کی پرامن آمدورفت میں خلل ڈالنے کی کوشش کی۔ سیکیورٹی فورسز نے فوری ردعمل ظاہر کیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 11 دہشت گردوں کو موقع پر ہی ہلاک کر دیا۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کر لیا گیا۔
دوسری جانب 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی رات فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں نے منظم انداز میں کسٹمز ہاؤس کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ سیکیورٹی فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی کے نتیجے میں 10 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کو بھی نشانہ بنایا گیا جس سے ان کا مزید جانی نقصان ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کسٹمز ہاؤس پر حملہ دہشت گردی اور جرائم پیشہ گٹھ جوڑ کا واضح ثبوت تھا، جس کا مقصد کسٹمز حکام کو قانونی فرائض کی انجام دہی سے روکنا اور علاقے میں مجرمانہ سرگرمیوں کو فروغ دینا تھا۔
فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران وطن کے 6 بہادر سپوت، جن میں دو افسران اور کسٹمز ڈیپارٹمنٹ کا ایک سرکاری اہلکار شامل ہیں، بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے۔
علاقے میں کسی بھی باقی ماندہ دہشت گرد کے خاتمے، مقامی آبادی اور قومی شاہراہوں کے مکمل تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سرچ اور سینیٹائزیشن آپریشنز بدستور جاری ہیں۔
قومی ایکشن پلان کی فیڈرل ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن “عزمِ استحکام” کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی جاری مہم پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے چلنے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
