بلوچستان میں ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کا انجام عبرتناک ہوگا: میر سرفراز بگٹی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نوکچہ چاغی اور زیارت کراس پشین میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب اور مؤثر کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور امن کے دشمنوں کو ہر صورت شکست دی جائے گی۔ غیر ملکی ایما پر بلوچستان کا امن خراب کرنے والوں کے لیے صوبے میں کوئی جگہ نہیں ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ قومی شاہراہوں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ دہشت گردوں کے سہولت کار اور جرائم پیشہ عناصر بھی قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔
انہوں نے دہشت گردوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کا انجام عبرتناک ہوگا۔ دہشت گردی کے نیٹ ورک کو توڑنے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گرد اپنی تمام تر کوششوں کے باوجود بلوچستان کے عوام کو خوفزدہ نہیں کرسکتے۔ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے ہیں۔ بلوچستان میں امن کے دشمنوں کے لیے کوئی محفوظ پناہ گاہ نہیں ہوگی اور ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں کو قانون کے مطابق بھرپور جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے اور حکومت اس ذمہ داری سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گی۔

WhatsApp
Get Alert