بلوچستان میں 21 دہشتگرد ہلاک، وزیراعظم کا سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 21 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے نوکچہ، چاغی، زیارت کراس اور پشین میں سیکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمارے بہادر جوانوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ایک بار پھر جرات اور بہادری کا مظاہرہ کیا ہے۔
محمد شہباز شریف نے کسٹمز ہاؤس پر دہشتگرد حملے کے دوران کسٹمز کے 2 افسران اور ایک اہلکار سمیت 6 بہادر جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور پوری قوم شہداء کے خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہمارے جوانوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔ شہداء نے ملک کے امن اور سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے اور قوم ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ دہشتگرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور ملک کے امن و استحکام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
وزیراعظم نے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی بہادر افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔

WhatsApp
Get Alert