بولان، مشکاف کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ، شکار کے لیے جانے والے دو نوجوان جاں بحق

بولان (قدرت روزنامہ)بولان کے نواحی علاقے مشکاف کشاری کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے دو نوجوان جاں بحق ہو گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق قتل کی وجوہات فی الحال سامنے نہیں آ سکیں، تاہم واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے دونوں نوجوان بٹیر کے شکار کی غرض سے کشاری کے علاقے میں گئے ہوئے تھے، جہاں مبینہ طور پر انہیں فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔مقتولین کی شناخت نوروز خان ولد شاہل خان بنگلزئی سکنہ مشکاف اور مولا بخش راہیجہ سکنہ ڈھاڈر رندعلی کے ناموں سے ہوئی ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر مقتولین کی لاشوں کو تحویل میں لے لیا اور انہیں فوری طور پر سول اسپتال ڈھاڈر منتقل کر دیا گیا۔ مقامی پولیس واقعے کے تمام پہلوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کر رہی ہے۔
