مذاکرات کبھی غیر مشروط نہیں ہوتے، ہمیشہ کچھ لو اور کچھ دو کے اصول پر ہوتے ہیں. کیپٹن صفدر

عمران خان کی بہنوں کو رہائی ملنی چاہیے، بیٹیاں اور بہنیں سب کی سانجھی ہوتی ہیں.نون لیگی راہنما کی گفتگو


ایبٹ آباد(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا ہے کہ مذاکرات کبھی غیر مشروط نہیں ہوتے، ہمیشہ کچھ لو اور کچھ دو کے اصول پر ہوتے ہیں ایبٹ آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان کی بہنوں کو رہائی ملنی چاہیے، بیٹیاں اور بہنیں سب کی سانجھی ہوتی ہیں.
کیپٹن (ر) محمد صفدر کا کہنا ہے کہ خیبر پختون خوا میں دہشت گردی عروج پر ہے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان منجھے ہوئے سیاستدان ہیں، ان کی ہر بات میں وزن ہوتا ہے، ان سے بھی مذاکرات کیے جائیں .
کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا کہ صوبہ ہزارہ ہمارا مطالبہ ہے جس کے لیے بڑی قربانیاں دیں، پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے صوبے کے عوام کو ہی تکلیف ہو رہی ہے انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی سیاسی جماعت ہے، اس کے اندرونی معاملات پر بات نہیں کرتا تاہم پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے خیبرپختونخوا کے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے‘ لانگ مارچ کے باعث بچوں کو سکول جانے میں مشکلات جبکہ مریضوں کو ہسپتال پہنچنے میں دشواری ہے.
انہوں نے کہا کہ مذاکرات کا سلسلہ کسی صورت بند نہیں ہونا چاہیے، غیر مشروط مذاکرات نہیں ہوتے، ہمیشہ کچھ لو اور کچھ دو کی بنیاد پر مذاکرات ہوتے ہیں عمران خان سے ملاقاتیں ہونی چاہئیں، رہائی عدالتوں کے ذریعے ہونی چاہیے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی اور بدامنی عروج پر ہے، صوبے میں فوجی آپریشن انتہائی ناگزیر ہے.

WhatsApp
Get Alert