حکومت اور پی ٹی آئی میں برف پگھلنے کا امکان مولانا فضل الرحمان ڈیڈ لاک ختم کرانے کیلئے تیار

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم ہاؤس میں اہم اجلاس ہوا، جس میں حکومتی مذاکراتی ٹیم کے ارکان نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ہونے والی ملاقات اور ملک کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اجلاس میں رانا ثنا اللہ، امیر مقام، عطا اللہ تارڑ اور طارق فضل چوہدری نے شرکت کی اور وزیراعظم شہباز شریف کو مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے حوالے سے بریفنگ دی۔
حکومتی مذاکراتی ٹیم نے وزیراعظم کو مولانا فضل الرحمان کے مؤقف، تجاویز اور سیاسی معاملات پر ہونے والی گفتگو سے آگاہ کیا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان حکومت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے درمیان مذاکرات میں پیدا ہونے والی رکاوٹیں دور کرنے اور ڈیڈ لاک ختم کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے پر تیار ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران مولانا فضل الرحمان کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز اور تحفظات سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے حکومتی مذاکراتی ٹیم کو مولانا فضل الرحمان سے رابطے برقرار رکھنے اور بات چیت کا سلسلہ جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
