سوئی میں جاری تمام ترقیاتی منصوبے شفافیت کے ساتھ مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں: وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی
گوپت واٹر سپلائی اسکیم کو یکم اپریل 2027 تک ہر صورت مکمل کیا جائے، گرلز ہائی اسکول کا قیام اور انڈس اسپتال کو ایمبولینس فراہم کی جائے

اسکولوں میں اساتذہ اور اسپتالوں میں طبی عملے کی حاضری ہر قیمت پر یقینی بنائی جائے، کارکردگی میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی
کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت سوئی میں ترقیاتی منصوبوں اور مختلف محکموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت، تعلیم و صحت کی سہولیات، عوامی خدمات کی فراہمی اور ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ تمام جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرکے انہیں مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور منصوبوں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے ہدایت کی کہ گوپت واٹر سپلائی اسکیم کو یکم اپریل 2027 تک ہر صورت مکمل کیا جائے تاکہ علاقے کے عوام کو پانی کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔ انہوں نے سوئی میں نئے گرلز ہائی اسکول کے قیام کے لیے ضروری اقدامات کرنے اور سوئی رنگ روڈ کے اطراف شجرکاری اور جنگلات کے فروغ کے لیے موثر اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے انڈس ہسپتال سوئی کو ایمبولینس فراہم کرنے اور وہاں اضافی طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنی ذمہ داریاں موثر انداز میں ادا کرے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ دور دراز علاقوں میں فعال کیے گئے لیبر رومز کی فعالیت برقرار رکھی جائے اور زچہ و بچہ کی صحت سے متعلق سہولیات کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ خواتین کو اپنے علاقوں میں ہی طبی سہولیات میسر آ سکیں۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے پولیو کے خاتمے کے لیے موثر نگرانی اور حفاظتی اقدامات کا تسلسل برقرار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو اس موذی مرض سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ انہوں نے تعلیمی اداروں کی فعالیت برقرار رکھنے، تمام اسکولوں میں اساتذہ کی حاضری مزید بہتر بنانے اور محکمہ صحت کے عملے کی باقاعدہ حاضری یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو تعلیم اور صحت کی سہولیات کی موثر فراہمی کے لیے متعلقہ محکموں کی کارکردگی میں بہتری اور جوابدہی ضروری ہے وزیر اعلیٰ نے تمام متعلقہ محکموں کو ترقیاتی منصوبوں کی باقاعدہ نگرانی کرنے اور کام کی رفتار کے ساتھ معیار کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے دور دراز علاقوں میں لیبر رومز کی فعالیت، معمول کی زچگی کی سہولیات کی فراہمی، تمام اسکولوں کے کھلے ہونے اور اساتذہ سمیت محکمہ صحت کے عملے کی حاضری میں بہتری کے لیے کی جانے والی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ عوامی سہولیات کی فراہمی میں حاصل ہونے والی بہتری کو برقرار رکھتے ہوئے ترقیاتی عمل کو مزید تیز کیا جائے تاکہ سوئی اور ملحقہ علاقوں کے عوام مستفید ہو سکیں۔
