سعودی عرب میں ٹریفک حادثہ، 3 پاکستانی عمرہ زائرین جاں بحق، باپ اور 2 بیٹے شامل

عارف والا کے علاقے اقبال نگر سے تعلق رکھنے والے چوہدری واحد علی اپنے دو بچوں عمر واحد اور علی واحد کے ہمراہ عمرے کی ادائیگی کی غرض سے سعودی عرب میں موجود تھے


عارف والا(قدرت روزنامہ)مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ جاتے ہوئے سعودی عرب میں پیش آنے والے حادثے میں پاکستانی عمرہ زائر باپ اپنے دو بیٹوں سمیت جاں بحق ہو گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب کے شہر عارف والا کے علاقے اقبال نگر سے تعلق رکھنے والے چوہدری واحد علی اپنے دو بچوں عمر واحد اور علی واحد کے ہمراہ عمرے کی ادائیگی کی غرض سے سعودی عرب میں موجود تھے، یہ تمام افراد کار میں سوار ہو کر مکہ مکرمہ سے روضہٴ رسول ﷺ کی زیارت کے لیے مدینہ منورہ کی طرف جا رہے تھے کہ راستے میں ان کی گاڑی کو حادثہ پیش آ گیا۔
بتایا جارہا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں گاڑی میں سوار چوہدری واحد علی اور ان کے دونوں بیٹے موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، اگرچہ حادثے کی جگہ اور حتمی وجوہات کی تفصیلی معلومات فوری طور پر سامنے نہیں آسکیں، تاہم واقعے نے پورے علاقے کو شدید غمزدہ کر دیا، جاں بحق ہونے والے تینوں افراد کی میتیں تدفین کے لیے پاکستان واپس لانے کے لیے ضروری انتظامات اور کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ متوفین کے آبائی شہر عارف والا میں اس المیے کے بعد سے لواحقین، عزیز و اقارب اور مقامی رہائشی شدید غم و اندوہ کی حالت میں اپنے پیاروں کی میتوں کی آمد کا انتظار کر رہے ہیں جب کہ اس افسوسناک حادثے نے ایک بار پھر سعودی عرب میں مکہ اور مدینہ کے درمیان طویل فاصلے کی شاہراہوں پر سفر کرنے والے زائرین کی حفاظت کے حوالے سے تشویش پیدا کر دی ہے، جہاں سال بھر لاکھوں عمرہ زائرین گاڑیوں کے ذریعے دونوں مقدس شہروں کے درمیان سفر کرتے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert