سہیل آفریدی نے مولانا فضل الرحمان کو لانگ مارچ ختم کرنے کا اختیار دینے کی پیشکش کی تھی، اسلم غوری

سہیل آفریدی نے مولانا سے کہا کہ اگر آپ گارنٹی دیتے ہیں عمران خان سے ملاقات کروا دی جائے گی تو میں آپ کو اختیار دیتا ہوں ہماری طرف سے لانگ مارچ ختم کرنے کا اعلان کرسکتے ہیں؛ ترجمان جے یو آئی ف کی گفتگو


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) جمعیت علمائے اسلام ف پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات محمد اسلم غوری نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ سہیل آفریدی کی کانفرنس کال پر جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے بات کرائی گئی، جس میں سہیل آفریدی نے کہا تھا کہ اگر مولانا اس بات کی گارنٹی دیتے ہیں کہ عمران خان سے ملاقات کرا دی جائے گی اور سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق ان کا علاج کروایا جائے گا، تو وہ مولانا کو یہ اختیار دیتے ہیں کہ وہ ان کی طرف سے لانگ مارچ ختم کرنے کا اعلان کردیں۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ن لیگ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان سے بہت بڑی غلطی ہوئی ہے اور آنے والے دنوں میں یہ اپنے اس عمل پر روئیں گے کیونکہ ان کے ہاتھ سے ٹیکنوکریٹ حکومت بنوائی گئی ہے اور یہ ابتدا ہے جس کی انتہا کہیں ان کے گلے میں نہ اٹک جائے، مولانا کی انٹری کمیٹی کے مذاکرات کے بعد ہوئی ہے اور بہت جلد یہ تمام حقائق قوم کے سامنے کھل کر آئیں گے کہ ان مذاکرات کو ناکام بنانے کے پیچھے اصل میں کس کا ہاتھ تھا۔


وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی پریس کانفرنس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسلم غوری نے کہا کہ کل ایک اینکر نے انہیں بتایا کہ محسن نقوی نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے پی ٹی آئی سے رابطہ کرنے کی بہت کوشش کی لیکن رابطہ نہ ہو سکا، جب وزیراعظم خود مولانا کے رابطے میں تھے اور مولانا پی ٹی آئی کے رابطے میں تھے، تو پھر محسن نقوی کو کس قسم کا رابطہ چاہیے تھا، کیا محسن نقوی وزیراعظم کے ماتحت نہیں ہیں؟۔
مذاکرات کے حوالے سے مستقبل کا لائحہ عمل بتاتے ہوئے جے یو آئی کے سیکرٹری اطلاعات کا کہنا تھا کہ اب وہ دوبارہ مذاکرات کیوں کروائیں گے اور راکھ میں ہاتھ کیوں ماریں گے؟ جبکہ وزیراعظم کی سطح کا آدمی اپنی کمٹمنٹ سے پیچھے ہٹ گیا، کیا وزیراعظم اپنی بات اپنی کابینہ سے نہیں منوا سکے؟ کیا وزیراعظم کی کابینہ نے وزیراعظم پر اعتماد نہیں کیا؟ یا پھر وزیراعظم اپنی کابینہ کے سامنے اتنے بے اختیار ہیں؟ ہم نہیں سمجھتے کہ شہباز شریف نے مولانا کو کوئی چکر دیا ہو، کیونکہ شہباز شریف اور مولانا کے درمیان ایک بڑے احترام کا رشتہ ہے۔

WhatsApp
Get Alert