صوبائی محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اصلاحات کو عملی نتائج سے ہم آہنگ کیا جائے: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی
چیف سیکرٹری شکیل قادر خان کی جائزہ اجلاس کے دوسرے روز محکموں کی کارکردگی، انتظامی امور اور تنظیم نو پر تفصیلی بریفنگ

اداروں کی افادیت کا تعین کارکردگی اور عوامی خدمات کے معیار سے ہوگا، سرکاری وسائل کا مؤثر استعمال ناگزیر ہے
محکموں کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنانے، شفافیت، جواب دہی اور عوام کو بروقت سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صوبائی محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے اور اصلاحات پر مبنی تجاویز مرتب کرنے کے حوالے سے جائزہ اجلاس دوسرے روز بھی جاری رہا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے مزید محکموں کی کارکردگی، انتظامی امور اور استعدادِ کار سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ محکموں کی فعالیت بہتر بنانے اور ان کی تنظیم نو کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری محکموں کی کارکردگی میں بہتری کے لیے اصلاحات کو عملی نتائج سے ہم آہنگ کرنا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومتی اداروں کی افادیت کا تعین ان کی کارکردگی اور عوام کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار سے ہونا چاہیے، اس لیے ہر محکمہ اپنی ذمہ داریوں کو مؤثر انداز میں ادا کرے اور کارکردگی کو قابلِ پیمائش نتائج سے منسلک کرے۔
انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری وسائل کا مؤثر استعمال اور اداروں کی استعدادِ کار میں اضافہ بہتر طرزِ حکمرانی کے لیے ناگزیر ہے۔ محکموں کی تنظیم نو اور اصلاحات کے عمل میں عملی ضروریات، انتظامی کارکردگی اور عوامی مفاد کو بنیادی اہمیت دی جائے تاکہ سرکاری مشینری کو زیادہ فعال اور جواب دہ بنایا جا سکے۔ محکموں کی ذمہ داریوں اور دائرہ کار کا واضح تعین انتظامی امور میں بہتری لانے میں معاون ثابت ہوگا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مزید ہدایت کی کہ محکموں کے درمیان رابطہ کاری کو بہتر بنایا جائے اور فرائض کی انجام دہی میں حائل غیر ضروری رکاوٹیں دور کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اصلاحات کا اصل مقصد سرکاری اداروں کو مؤثر بنا کر عوام کو بروقت اور معیاری خدمات کی فراہمی، انتظامی امور میں شفافیت اور جواب دہی کو فروغ دینا ہے۔
