پاکستان میں مہنگائی، غربت اور بے روزگاری خطے میں سب سے زیادہ ہے، مفتاح اسماعیل

شہباز شریف کی حکومت کو ساڑھے چار سال ہو گئے ہیں،اس طویل عرصے کے بعد خطے میں سب سے مہنگی گیس، ڈیزل اور پٹرول پاکستان میں ہے، پیٹرول اور ڈیزل پہ ٹیکس اور لیوی بھی سب سے زیادہ پاکستان میں ہے، سابق وزیر خزانہ کی ایکس پوسٹ


کراچی(قدرت روزنامہ)سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے شہباز شریف حکومت کی معاشی پالیسیوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں مہنگائی، غربت اور بے روزگاری کی شرح خطے میں سب سے زیادہ ہے، جبکہ سرمایہ کاری کی شرح گزشتہ 60 سال کے دوران کم ترین سطح پر رہی ہے۔ سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر مفتاح اسماعیل نے کہا کہ شہباز شریف کی حکومت کو ساڑھے چار سال ہو چکے ہیں، لیکن اس طویل عرصے کے بعد بھی پاکستان میں خطے کے مقابلے میں گیس، ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتیں سب سے زیادہ ہیں۔
ان کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل پر ٹیکس اور لیوی بھی پاکستان میں سب سے زیادہ ہیں۔ سابق وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ملک میں آٹے کی قیمتیں خطے میں سب سے زیادہ ہیں اور حکومتی پالیسیوں کے باعث پاکستان کو آج گندم درآمد کرنا پڑ رہی ہے۔
غربت اور بے روزگاری میں اضافے کے ساتھ سرمایہ کاری کی شرح بھی تشویش ناک حد تک کم ہو چکی ہے۔ مفتاح اسماعیل نے مزید کہا کہ پاکستان میں بالخصوص تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کی شرح بھی بہت زیادہ ہے۔
ان کے مطابق ملک میں بھوک اور مفلسی بڑھ رہی ہے، جبکہ چوری، جرائم اور منشیات کے پھیلاؤ میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔


انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں میں کرپشن پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی عروج پر ہے اور عوام کو معاشی مشکلات کا سامنا ہے۔ سابق وزیر خزانہ نے سوال اٹھایا کہ کیا ان حالات میں یہ کہنا درست ہوگا کہ شہباز شریف کی حکومت نے پاکستان کو اچھی حکمرانی فراہم کی ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ دور حکومت میں ایسی کوئی واضح حکمت عملی یا وژن دکھائی نہیں دیتا جس کے ذریعے پاکستان کے معاشی حالات بہتر بنائے جا سکیں۔ انہوں نے حکومت کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے معاشی پالیسیوں کی سمت اور نتائج پر نظرثانی کی ضرورت پر زور دیا۔

WhatsApp
Get Alert