پاکستان پر حملہ آور ہونے کیلئے دہشتگردوں کوصوبے کی زمین فراہم کی گئی، 13 قیمتی سال نالائقی کی نذرکردیے: مریم نواز کی نام لیے بغیر پی ٹی آئی پر تنقید

لاہور(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان جیسے سینئر سیاستدان، خود دہشتگردی کا شکار رہے ہیں، خیبرپختونخوا کی بربادی کے ذمہ داروں کی حمایت میں بات کرنا افسوسناک ہے، جن کی حمایت میں بیانات جاری ہو رہے ہیں، ان سے پوچھا جائے کہ 13 سال میں وہ کسی شہید کے جنازے میں شریک ہوئے؟
مریم نواز نے کہا الٹا دہشتگردوں کوپناہ دی گئی، انہیں پالا پوسا، پاکستان پر حملہ آور ہونےکے لیے وسائل، پناہ گاہیں اور صوبے کی زمین فراہم کی، یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے خیبرپختونخوا میں نا اہلی کے انبار لگا دیے، صوبے کے قیمتی وسائل دھرنوں اور احتجاجوں پر خرچ کر دیے، 13 قیمتی سال کرپشن اورنالائقی کی نذرکردیے۔
مریم نواز کا کہنا تھا جس سپہ سالار نے معرکہ حق میں ملک کوفتح سے ہمکنار کیا اس کے بارے میں مولاناکے الفاظ نے ہر محبِ وطن پاکستانی کا دل دکھایا، پاک فوج کے افسر اور جوان دہشتگردی کا ناسور ختم کرنےکےلیے سینوں پر گولیاں کھا رہے ہیں، فوج کیساتھ کھڑے ہونے کے بجائے دہشتگردی کے خاتمے کی راہ میں رکاوٹ بننے والوں کاساتھ دینا آپ کے شایانِ شان نہیں، کل یہی آپ کے بارےمیں ناشائستہ زبان استعمال اور ذاتی حملے کرتے رہے ہیں۔
مریم نواز نے کہا دہشتگردی کے متاثرین کا دہشتگردی کی پشت پناہی کرنے والوں کے ساتھ کھڑا ہونا سمجھ سے باہر ہے۔
