ٹرمپ انتظامیہ نے امریکی پالیسیوں سے وفاداری اور حمایت جانچنےکیلئے نیٹو اتحادیوں کو سوال نامہ بھیج دیا


واشنگٹن(قدرت روزنامہ)ٹرمپ انتظامیہ نے امریکی پالیسیوں سے وفاداری اور حمایت جانچنے کے لیے نیٹو اتحادیوں کو سوال نامہ بھیج دیا۔
بلومبرگ رپورٹ کے مطابق سوال نامے میں ایسے سوال پوچھےگئےکہ کیا نیٹو ملک امریکا کو اپنے فوجی اڈے استعمال کرنے میں کوئی پابندی تو نہیں لگاتے؟ کیا نیٹو ملک امریکا کے دفاعی ٹھیکے رکھنے والوں پر پیسے خرچ کرتے ہیں؟ نیز یہ کہ ’میڈ ان یورپ‘ پالیسیوں سے متعلق ان کا کیا مؤقف ہے۔
امریکی اتحادیوں نے اس اقدام کو امریکی تحفظ کے بدلے نظریاتی ہم آہنگی مسلط کرنے کی کوشش قرار دے دیا۔
یہ سوال نامہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا جب امریکا، یورپ میں اپنی عسکری موجودگی کا شش ماہی جائزہ لے رہا ہے جو دسمبر میں مکمل ہوگا۔
سوال نامے میں نیٹو ملکوں کے دفاعی بجٹ کی تفتیش بھی کی گئی ہے اور نیٹو ملکوں کی جانب سے امریکی کمپنیوں سے دفاعی سامان کی خریداری کی رسیدیں مانگی گئی ہیں۔
ادھر نیٹو کے سیکرٹری جنرل مارک رٹے نے کہا ہےکہ امریکا کی طرف سے یورپ میں اپنی عسکری موجودگی کا جائزہ ایک مثبت قدم ہے اور اس سے نیٹو ملک ایک دوسرے کے مزید قریب آرہے ہیں، ایسے جائزے تواتر سے ہونے چاہئیں۔

WhatsApp
Get Alert