جمائمہ گولڈ اسمتھ کا برطانیہ سے عمران خان کے معاملے پر خاموشی توڑنے کا مطالبہ

عمران خان تین سالوں سے شدید سیاسی انتقام کا نشانہ بن رہے ہیں، یہ معاملہ اب صرف پاکستان کا اندرونی سیاسی مسئلہ نہیں رہا بلکہ ایک عالمی انسانی حقوق کی ہنگامی صورتحال بن چکا؛ سابق وزیراعظم کی سابقہ اہلیہ کا بیان


لندن(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائمہ گولڈ سمتھ نے برطانوی وزیراعظم اینڈی برنہم اور فارن سکرٹری ایڈ ملی بینڈ کو ایک کھلا خط اور اپیل جاری کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ برطانیہ عمران خان پر جیل میں روا رکھے جانے والے مظالم پر مزید خاموش رہنے کی بجائے فوری اور اعلانیہ مؤقف اختیار کرے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں انہوں نے لکھا کہ ان کے دو بیٹوں کے والد اور پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان پچھلے تین سالوں سے شدید سیاسی انتقام کا نشانہ بن رہے ہیں، انہیں قیدِ تنہائی میں رکھا گیا ہے، اقوامِ متحدہ کی رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کیا جانے والا یہ سلوک براہِ راست تشدد کے زمرے میں آتا ہے، جس کے باعث ان کی جسمانی اور ذہنی صحت پر انتہائی خطرناک اور جان لیوا اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔


جمائمہ گولڈ سمتھ نے اقوامِ متحدہ کے ’نیلسن منڈیلا رولز‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عالمی قوانین کے تحت کسی بھی قیدی کو مسلسل 15 دن سے زائد قیدِ تنہائی میں رکھنا منع اور تشدد کے مترادف ہے، جبکہ عمران خان کو 15 دن کے بجائے 3 سال سے اس صورتحال کا سامنا ہے، پچھلے 10 ماہ سے اہل خانہ کو ان سے ملنے کی اجازت نہیں دی گئی اور نہ ہی انہیں کتابیں، وکلاء یا ڈاکٹرز تک رسائی حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ خود پاکستان کی سپریم کورٹ نے بھی مداخلت کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کو مکمل طبی علاج، ذاتی ڈاکٹرز اور بیٹوں سے فون پر بات چیت کا حکم دیا لیکن ان تمام عدالتی احکامات کو مسلسل ہوا میں اڑایا جا رہا ہے، یہ معاملہ اب صرف پاکستان کا اندرونی سیاسی مسئلہ نہیں رہا بلکہ ایک عالمی انسانی حقوق کی ہنگامی صورتحال بن چکا ہے، عمران خان کا برطانیہ سے دہائیوں پر محیط تعلق ہے اور ان کے دونوں بیٹے سلیمان اور قاسم برطانوی شہری ہیں۔
عمران خان کی سابقہ اہلیہ نے لکھا کہ بچے ہزاروں میل دور بیٹھ کر اپنے والد کی گرتی ہوئی صحت دیکھ رہے ہیں، ان کو پاکستان جانے، ویزہ حاصل کرنے اور عدالت کے حکم کے باوجود فون پر بات کرنے سے روکا جا رہا ہے، برطانوی حکومت اور خارجہ دفتر سے پرزور اپیل ہے کہ اپنی روایتی خاموشی توڑ کر سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد، عمران خان کے بنیادی انسانی حقوق کی بحالی اور ان کی قیدِ تنہائی کا خاتمہ یقینی بنانے کے لیے کھلم کھلا اور واضح مؤقف اپنائے۔

WhatsApp
Get Alert